اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ آویگدور لیبر مین نے جمعے کو ایک انٹرویو میں یورپ میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے والوں کو منافق قرار دیا اور ان کے اعلامیے کی مذمت کی- لیبرمین نے اسے نازی جرمنی کے ہولو کاسٹ کے دنوں سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یورپی اب بھی اسرائیلی مصنوعات پر زرد لیبل لگا سکتے ہیں- یورپی یونین کے اٹھائیس رکن ممالک میں سے سولہ ملکوں کے وزرائے خارجہ نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین یعنی اسرائیل میں غاصبانہ زمینوں میں تعمیرشدہ صیہونی کالونیوں اور جولان کے پہاڑی علاقے میں تیار کی جانے والی صیہونی حکومت کی مصنوعات پر لیبل لگنا چاہئے- صیہونی کالونیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کے بائیکاٹ کے منصوبے کے حامیوں نے اپنے اعلامیے کو فلسطینی علاقے میں دو خود مختار ملکوں کی تشکیل کے نظریئے کی حمایت پر مبنی یورپی یونین کی دیرینہ پالیسی کے تناظر میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے- اس منصوبے کو بلجیئم کے وزیر خارجہ " ڈیڈیہ رنڈر نے تیار کیا ہے اور فرانس، برطانیہ، اسپین، اٹلی، سوئیڈن، آسٹریا، آئرلینڈ، پرتگال، فن لینڈ، ڈنمارک، اور ہالینڈ جیسے ملکوں نے اس کی حمایت کی ہے جبکہ یہ تمام ممالک اس سے پہلے تک اسرائیلی مصنوعات کے اہم خریدار رہ چکے ہیں-
.......
/169